نئی دہلی11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی سابق ایم پی جیہ پردہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خاں میں ایک بار پھر زبانی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ جیہ پردہ کے خلجی والے بیان پر اعظم خان نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ناچنے گانے والوں کے منہ نہیں لگاتا۔اداکارہ جیہ پردہ نے ہفتہ کو کہا تھاکہ میں جب پدماوت دیکھ رہی تھی تو خلجی کے کردار نے مجھے اعظم خاں کی یاد دلا دی۔ میں سوچ رہی تھی کہ جب میں رام پور سے الیکشن لڑ رہی تھی تب اس شخص نے کس طرح سے مجھے پریشان کیا تھا۔جیہ پردہ کے اس بیان پرسماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان نے کہاک ہمیں ان دنوں تعلیم کے میدان میں مصروف ہوں. میرے پاس اس طرح کے لوگوں کی باتوں کا جواب دینے کا وقت نہیں ہے۔ میرا فوکس طالب علموں کی تعلیم میں ہے، میں ناچنے گانے والوں کے منہ نہیں لگاتا، اگر میں ایسا کروں گا تو پھر سیاست نہیں کر پاؤں گا۔دراصل اعظم خان اور جیہ پردہ کی لڑائی پرانی ہے،کبھی سماجوادی پارٹی میں راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ امر سنگھ کی طوطی بولتی تھی، وہ ملائم سنگھ یادو کے انتہائی قریبی مانے جاتے تھے۔ اسی دوران سماجوادی پارٹی میں جیہ پردہ کی سرگرمیاں نظر آئی ۔جیہ پردہ کو اعظم خاں کے گڑھ رامپور سے 2004 میں لوک سبھا کا ٹکٹ دیا گیا اور وہ ایم پی منتخب بھی ہوئی ۔اس وقت جیہ پردہ کو اعظم نے کھل کر مخالفت کی تھی، اس کے بعد سے دونوں میں سیاسی متنازعہ بیان کا سلسلہ چل پڑا ہے۔پارٹی میں مخالفت کو دیکھتے ہوئے اکھلیش یادو نے بعد میں امر سنگھ اور جیہ پردہ کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں جیہ پردہ راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے ٹکٹ پر بجنور سے لڑی تھی، حالانکہ انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔